8 اپریل 2013 - 19:30
خیبر ایجنسی میں جھڑپوں کے دوران ۱۰۰ سے زائد شدت پسند ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ۱۰۰ سے زیادہ شدت پسند ہلاک جبکہ ۱۳ سکیورٹی اہلکار جانبحق ہوئے ہیں۔

ابنا:پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ۱۰۰ سے زیادہ شدت پسند ہلاک جبکہ ۱۳ سکیورٹی اہلکار جانبحق ہوئے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پاکستانی عسکری حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ سے شروع ہونے والے آپریشن میں اب تک ایک سو کے قریب شدت پسند مارے گئے ہیں جبکہ اس کاروائی میں تیرہ فوجی بھی جانبحق ہوئے ہین۔ یہ آپریشن خیبر ایجنسی کے اس دور افتادہ علاقے میں تین کالعدم شدت پسند تنظیموں لشکر اسلام، انصار الاسلام اور تحریک طالبان کے مابین کئی ہفتوں سے جاری جھڑپوں کے بعد شروع کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کا کہنا ہے کہ ان جھڑپوں کے نتیجے میں تیراہ سے 40 ہزار سے زیادہ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ مقامی آبادی میں عام تاثر یہ ہے کہ انصار الاسلام کے جنگجو اور امن لشکر کے رضا کار سکیورٹی فورسز کے ہمراہ علاقے میں امن کے قیام کے لیے لشکرِ اسلام اور تحریکِ طالبان کے جنگجوئوں سے برسرِ پیکار ہیں تاہم صورتحال مکمل طور پر واضح نہیں ہے۔ ادھر فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق فوجی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ چار روزہ آپریشن میں فوج کو فضائیہ کی مدد بھی حاصل رہی اور لڑائی میں اب تک سو سے زائد شدت پسند مارے گئے ہیں۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ زمینی آپریشن کے دوران فوج نے طالبان اور ان کے حامیوں کے زیرِ قبضہ بڑے علاقے کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ حال ہی میں پاکستان کے کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے بھی وادی تیراہ کی خراب صورتحال پر تشویش ظاہر کی تھی اور ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ امر قابل افسوس ہے کہ حکومت وادی میں اپنی رٹ قائم کرنے میں ناکام ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تشدد کی حالیہ لہر کے بعد بیشتر علاقے پر حکومت کا کنٹرول ختم ہو گیا ہے۔ وادی تیراہ تقریباً سو کلومیٹر پر پھیلا ہوا ایسا قبائلی خطہ ہے جس کی سرحدیں تین ایجنسیوں خیبر، اورکزئی اور کرم سے ملتی ہیں۔ یہ وادی افغانستان کی سرحد سے قریب اور باڑہ سے تقریباً 65 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲